امریکہ افغانستان کی بدامنی کا ذمہ دار ہے، پاکستان
پاکستان کے وزیر خارجہ نے افغانستان سے متعلق امریکی پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ ان کا ملک کسی اور ملک کے مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے اپنے قومی تشخص اور بقا کے لئے تمام فیصلے خودمختاری پر مشتمل فیصلوں کی روشنی میں کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ کو افغانستان میں امن سے کوئی غرض نہیں ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کے سولہ ممالک کی افواج افغانستان میں موجود ہیں اس کے باوجود افغانستان کے تینتالیس فیصد علاقوں پر طالبان کا قبضہ ہے پھر بھی امریکی حکام پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کرتے ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امت مسلمہ کو دشمنوں کی ضرورت نہیں کیونکہ اسلامی ممالک کسی ایک مسئلے پر بھی متحد نہیں ہیں جس کا فائدہ دشمن اٹھا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ اسلام آباد پر الزام لگاتا ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک کی حمایت کرتا ہے جبکہ وہ خود افغانستان میں بدامنی کا باعث بنا ہوا ہے حالانکہ خطے کے دیگر ممالک افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ داعش گروہ کا وجود ختم نہیں ہوا ہے بلکہ یہ گروہ اب افغانستان میں جڑ پکڑ رہا ہے۔