مسلمانوں کو دست و گریباں کرنے کے لئے استعماری قوتوں کی سازش
کراچی میں حُب اہلبیتؑ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، مذہبی و سیاسی زعماء نے کہا کہ مسلم حکمراں اور اکابرین امت مسلم ممالک میں باہمی کشت و خون روکنے کے لئے مصالحانہ کردار ادا کریں، پاکستان میں شیعہ سنی محاذ آرائی کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
سیمینار سے علامہ مرزا یوسف حسین، تنظیم العلماء کے سربراہ مولانا قاری اللہ داد، جے یو پی کراچی کے صدر علامہ قاضی نورانی، جامعہ شمس العلوم کے سربراہ مولانا جعفرالحسن تھانوی، علامہ عبدالخالق فریدی اور دیگرعلماء اور شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، مذہبی و سیاسی زعماء نے کہا کہ حُب اہلبیتؑ ایمان کا تقاضا ہے، حضرت امام حسینؑ استعمار کے خلاف بیداری اور امن و وحدت کی علامت ہیں، امام حسینؑ اور حُب اہلبیت اطہارؑ کسی ایک مسلک کا نہیں، بلکہ پوری امت محمدیہ کے دین و ایمان کا حصہ ہے۔
مقررین نے کہا کہ آج شام، یمن، کشمیر و فلسطین میں مظالم کے خلاف کردار حسینیؑ کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے، استعماری و یزیدی قوتیں مذموم مقاصد کے تحت مسلمانوں کو باہم دست و گریباں کرکے محکوم، کمزور و منتشر کرنا چاہتے ہیں، مسلم حکمراں اور اکابرین امت مسلم ممالک میں باہمی کشت و خون روکنے کیلئے مصالحانہ کردار اداکریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی محاذ آرائی کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دینگے، پوری قوم بلاامتیاز رنگ و مسلک تحفظ حُب اہلبیت اطہارؑ اور ناموس صحابہؓ کے لئے متحد و بیدار ہے۔
علامہ عبدالخالق فریدی نے متفقہ قرارداد میں استعمار کے خلاف حُب اہلبیتؑ کے نقطہ پر اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔