Aug ۱۶, ۲۰۲۵ ۲۰:۲۷ Asia/Tehran

عمان کے مفتی اعظم شیخ احمد الخلیلی نے صیہونی وزیر اعظم کے "گریٹر اسرائیل" کے منصوبے کو ایک ایسا سازشی خواب قرار دیا ہے جس کی طویل تاریخ ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: انہوں نے ایک پیغام جاری کرکے کہا ہے کہ نتن یاہو نے "گریٹر اسرائیل" کے منصوبہ کا معاملہ پیش کرکے دنیا کو حیرت زدہ کردیا اگرچہ یہ خواب نیا نہیں اور اس سازش کی تاریخ طویل ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان لوگوں کو اس پورے قصے سے عبرت لینا چاہیے جنہوں نے اس غاصب حکومت سے وفاداری کا اظہار کیا، رقم اور ہتھیاروں سے اس کی حمایت نیز استقامتی محاذ کا ہتھیار چھیننے کی کوشش کی۔

عمان کے مفتی اعظم نے کہا کہ وہ لوگ جو دشمنوں کے ساتھ کھڑے ہیں جان لیں کہ حق کے گرد اکٹھا ہونے، اس ایمانی اتحاد اور حق کی حمایت کے علاوہ ان کے سامنے کوئی دوسرا راستہ نہیں جسے وہ چھوڑ چکے ہیں۔

شیخ احمد الخلیلی اس سے قبل بھی فلسطین کی حمایت اور صیہونی جارحیتوں کے مقابلے میں امت اسلامیہ کے اتحاد پر عمان کے اٹل موقف پر زور دے چکے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو نے گزشتہ دنوں "آئی 24" چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ ان کے بقول تاریخی، روحانی اور احساسی لحاظ سے وہ "گریٹر اسرائیل" کے خواب سے جڑے ہوئے ہیں۔

عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیے گئے صیہونی وزیر اعظم کے اس دعوے پر مصر، اردن، قطر اور سعودی عرب نے بھی سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نتن یاہو کے اس اشتعال انگیز بیان کی مذمت کی ہے۔

ٹیگس