ممکن ہے کہ مجھے سزا ہوجائے، نواز شریف
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مشکلات میں گھرا ہوا ہوں ہوسکتا ہے مجھے سزا ہو جائے۔
اسلام آباد میں پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اس وقت میں مشکلات میں گھرا ہوا ہوں اور ہوسکتا ہے کہ مجھے سزا ہوجائے لیکن آپ لوگ گھبرائیے گا نہیں۔ انہوں نے پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو جوش دلاتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا وقت آگیا ہے آپ لوگ میرا ساتھ دیں اور عوام بھی آپ کا ساتھ دیں گے۔ نوازشریف نے سینیٹ کے حالیہ الیکشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سینیٹ میں جو ہوا وہ اب قومی اسمبلی میں بھی کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انہوں نے سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کے چیئرمین کا نام اس سے پہلے کون جانتا تھا؟ کیا کسی نے اس خرید و فروخت کا نوٹس لیا ؟
نوازشریف نے اپنی تقریر میں عمران خان اور آصف زرداری کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے کے عادی ہیں اور نیا پاکستان جھوٹ بولنے سےنہیں بنتا۔ نوازشریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی لیکن آصف زرداری نے دہشت گردی پر ہاتھ کیوں نہیں ڈالا؟
دوسری جانب پاکستان کے سابق صدر آصف زرداری نے نوازشریف پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر موقع پر ہمیں بیچا۔ ہم سیاست اور وہ تجارت کرتے رہے۔ آصف زرداری نے اسلام آباد میں ایک پروگرام میں کہاکہ نوازشریف نے ہر موقع پر اسٹیبلشمنٹ سے ہمیں لڑا کر خود ان سے ہاتھ ملالیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب کسی بھی صورت میں نوازشریف سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔