غدار ہوں تو قومی کمیشن بنایا جائے، نوازشریف
ممبئی حملوں سے متعلق قومی سلامتی کمیٹی میں پاکستان کے سابق وزیراعظم کے بیان کو گمرہ کن قراردیئے جانے کے بعد نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر میں غدار اور ملک دشمن ہوں تو ایک قومی کمیشن بنایا جائے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کا وعدہ انہوں نے پورا کردکھایا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی دھماکے کرنا کیا غداری ہے ؟ انہوں نے کہا کہ جو دہشت گردی کا بیج بوتے ہیں وہ محب وطن ہیں اور جو ملک کا آئین اور قانون توڑتے ہیں وہ محب وطن ہیں۔اس ملک میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔
نوازشریف نے ایک بار پھر کہا کہ پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا ہے لیکن اس بات پر مجھے غدار کہا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک سب کا ہے یہاں کسی کی اجارہ داری نہیں ہے۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ اگر میری باتیں ناگوار گذرتی ہیں اور میں غدار اور ملک دشمن ہوں تو ایک قومی کمیشن بنایا جائے جہاں سب کا حساب و کتاب ہوجائے۔
نوازشریف نے کہا کہ جو لوگ مجھےغدار کہتے ہیں وہ بھی اس کمیشن کے سامنے آئیں پھر جو مجرم قرار پائے اسے سرعام پھانسی پر لٹکا دیاجائے۔
قبل ازیں ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے حوالے سے نوازشریف کے بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں بطور وزیراعظم وہ مسلم لیگ نون کے تاحیات قائد نوازشریف کے ساتھ ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات ویسے ہی ہیں جو جمعے کو تھے۔