نواز شریف نے لندن سے واپسی کا اعلان کردیا
پاکستان میں احتسات عدالت کی جانب سے اس ملک کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دس سال اور ان کی بیٹی مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ دوسری طرف نواز شریف نے عدالتی فیصلے کا علم ہونے کے بعد فوری طورپر لندن سے پاکستان واپسی کا اعلان کردیا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دس سال قید اور آٹھ ملین پاؤ نڈ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ عدالتی فیصلے میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سات سال قید اور دو ملین پا ونڈ نقد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ مریم نواز اوران کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمدصفدر کو الیکشن کے لئے نا اہل بھی قرار دے دیا گیا ہے۔ عدالت نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی ضبطی کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
فیصلے کے بعد نیب پراسیکیوٹر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ احتساب عدالت کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کرپشن کی رقم سے بنائے گئے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تین دن پہلے ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ نواز شریف کی جانب سے ان کی واپسی تک فیصلہ موخر کرنے کی اپیل کی گئی تھی جس کو عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔
احتساب عدالت نے اس کیس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کو پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے رکھا ہے اور ان کا ٹرائل بھی الگ کر دیا گیا ہے۔
لندن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق فیصلے کی اطلاع ملنے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ساتھ پریس کانفرنس میں جلداز جلد وطن واپسی کا اعلان کردیا ۔ انھوں نے کہا کہ جیسے ہی ان کی اہلیہ ہوش میں آئیں گی وہ ان سے سلام دعا کے بعد وطن واپس لوٹ جائیں گے ۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے سابق وزیر اعظم نواز شریف اتوارکو مریم نواز کے ہمراہ پاکستان پہنچیں گے۔