Jul ۰۷, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری

پاکستان کی احتساب عدالت نے اس ملک کے سابق وزیراعظم نواز شریف، انکی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے اسلام آباد کی احتساب عدالت سے ملزمان کی گرفتاری کے وارنٹ بھی حاصل کر لئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کے لئے لائحہ عمل کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شریف خاندان کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو دس سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سات سال جبکہ داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل پر مشاورت جاری ہے اور وکلا، قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے والد میاں نواز شریف دس روز کے اندر وطن واپس لوٹ جائیں گے۔