نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کا پلان تشکیل دے دیا گیا
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اوران کی بیٹی مریم نواز کی وطن واپسی پر گرفتاری کا پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز جیسے ہی لندن سے لاہور پہنچیں گے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر نیب کے بائیس افسران موجود ہوں گے جبکہ ایک سو ایلیٹ کمانڈوز تعینات کرنے کی بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ احتساب عدالت نے دونوں کو اسلام آباد منتقل کرنے کے انتظامات بھی کرلئے ہیں جبکہ اس موقع پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہوگی۔ نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز جمعے کی شام ابوظہبی کے راستے لندن سے لاہور پہنچنے والے ہیں۔
قبل ازیں لندن میں پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے جیل ہو یا پھانسی ووٹ کو عزت دو کے فیصلہ کن مشن میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا اور اس مشن میں ہمارے قدم اب رکنے والے نہیں ہیں۔
دوسری جانب لاہور انتظامیہ نے لیگی کارکنوں کے قافلوں کو روکنے کے لئے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ وزیرداخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور ایئر پورٹ کی حدود میں داخل ہونے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گي اور دفعہ ایک سوچوالیس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔