شریف فیملی کی اپیلوں کی سماعت
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ کیس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف سابق وزیراعظم کی اپیل کی سماعت عام انتخابات کے بعد تک ملتوی کردی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق اسلام آباد کی عدالت عالیہ کے دو رکنی بینچ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا معطل کرنے کی اپیلوں کی سماعت کی۔عدالت عالیہ نے شریف فیملی کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمے کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے اور اگلی سماعت جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی ہے۔قابل ذکر ہے کہ رواں ماہ کی چھے تاریخ کو پاکستان کی احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف دائر ایون فیلڈ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو دس سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کوسات سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔عدالتی فیصلے کے تحت میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی کو گزشتہ دنوں لندن سے وطن واپسی پر ایئرپورٹ کے گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا گیا جبکہ کیپٹن صفدر کو پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔