اسپتال منتقل ہونے سے نوازشریف کا انکار
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے جیل سے اسپتال منتقل ہونے سے انکار کردیا ہے
پاکستانی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا ہے کہ انہیں اسپتال منتقل کرنے کے بجائے جیل میں ہی طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اس سے پہلے پاکستانی ذرائع ابلاغ عامہ نے رپورٹ دی تھی کہ جیل میں نوازشریف کی طبیعت اچانک بگڑ گئی ہے جس کے بعد انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی ۔ پاکستان کے صدر ممنون حسین نے نواز شریف کی طبیعت کی خرابی پر تشویش ظاہرکی ہے ۔ پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق صدر ممنون حسین نے نگراں وزیراعظم کو ہدایت کی ہے کہ سابق وزیراعظم کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے اس بات پر سخت اعتراض کیا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت کی خرابی کی اطلاع انہیں اور خاندان کے دیگر افراد کو فوری طور پر کیوں نہیں دی گئی ۔ انھوں نے الزام لگایا ہے کہ جیل انتظامیہ نے سابق وزیر اعظم کو بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھا ہے ۔ شہباز شریف نے بتایا کہ انھوں نے نگراں وزیر اعظم اور وزیر اعلی سے مطالبہ کیا تھا کہ نواز شریف کے ذاتی معالج کو رسائی دی جائے لیکن ان کے اس مطالبے کو نظرانداز کردیا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف کو جیل کے اندر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے