نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد کو رہا کرنے کا حکم
پاکستان کی ایک عدالت نے محفوظ کیا ہوا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزائیں معطل کر دیں اور تینوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ تفصیلی فیصلہ عدالت بعد میں جاری کر ے گی۔
چھے جولائی کواسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کو دس سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سات سال اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے سزا معطل کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکمراں جماعت کے رہنما اور وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلے کا احترام کرتی ہے اور نوارشریف کا معاملہ مزید آگے بڑھے گا اور قانون یقیناً اپنا راستہ بنائے گا۔