شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چودہ روز کی توسیع
پاکستان میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چودہ روز کی توسیع کردی ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے صدرشہباز شریف دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد نیب عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کی گرفتاری آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں عمل آئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق نیب حکام کی درخواست پر احتساب عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب، مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چودہ دن کی توسیع کردی ہے ۔
یاد رہے کہ نیب لاہور نے پانچ اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
نیب کے مطابق شہباز شریف پر الزام ہے کہ انھوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ اسکیم کے لیے لطیف اینڈ کمپنی کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کے پیراگون کی پراکسی کمپنی ، کاسا کو دلوا دیاتھا۔
نیب کا الزام ہے کہ شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی پر دباؤ ڈال کرآشیانہ اقبال کا تعمیراتی ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دلوایا اور پھر یہی ٹھیکہ پی ایل ڈی سی کو واپس دلایا، جس سے قومی خزانے کو اکھتر کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔