Oct ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۶ Asia/Tehran
  • نوازشریف کی سزا معطلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

پاکستان کے قومی احتساب بیورو نیب نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بری کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

نیب کی جانب سے پاکستان کی سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمے کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا- درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی اور اپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کا حکم دیا تھا-

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزا کی معطلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے-

واضح رہے کہ چھے جولائی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس، کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کو دس سال، مریم نواز کو سات سال اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی-

اس کے بعد انیس ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کی جانب سے سزا دینے کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے ان تینوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔