پاکستان میں چینی قونصل خانے پر حملہ، جوابی کارروائی میں کئی ہلاک و زخمی
پاکستان کے شہر کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشت گردانہ حملے اور سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق جمعے کی صبح چند مسلح دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کر دیا۔ دہشت گردوں کے حملے میں قونصل خانے کی حفاظت پر تعینات دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ اس حملے میں ایک سیکورٹی گارڈ کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پولیس اور رینجرز کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ کراچی پولیس نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے پاس سے خودکش جیکٹیں، کلاشنکوف رائفلیں، وافر مقدار میں کارتوس، نو دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے پاس سے چنوں کی ایک تھیلی اور ادویات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس نے بتایا ہے کہ دہشت گرد قونصل خانے میں داخل ہونا چاہتے تھے لیکن ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے میں قونصل خانے کے چینی ملازمین کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔