Dec ۱۱, ۲۰۱۸ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان کا افغانستان سے قیدیوں کی تفصیلات دینے کا مطالبہ

پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان بار بار درخواست کے باوجود قید پاکستانیوں کی تفصیلات نہیں دے رہا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق  قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس ملک کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ افسوس سے کہتا ہوں کہ افغانستان بار بار درخواست کے باوجود قید پاکستانیوں کی تفصیلات نہیں دے رہا۔

پاکستانی وزیرخارجہ نے کہا کہ افغانستان میں قید زیادہ تر پاکستانیوں پر دہشت گردی کے الزامات ہیں لیکن افغان حکومت پاکستانیوں پر الزامات سے متعلق پاکستانی سفارت خانے کو آگاہ نہیں کرتی اور نہ ہی ہمارے سفارت خانے کو قیدیوں تک کونسلر رسائی دی جاتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان افغان سفارت خانے کو مکمل تعاون فراہم کرتی ہے لیکن دوسری جانب سے اس کے برعکس رویہ قابل افسوس ہے، ہم نے اعلٰی سطح پر بھی افغان حکومت کے ساتھ اس مسئلے کو بار بار اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان و افغانستان ایک دوسرے پرقیدیوں کی تفصیلات نہ دینے اور بارڈر کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔

ٹیگس