پاکستان میں سیلاب سے بحرانی صورتحال
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں سیلاب کی شدت بدستور برقرار ہے جس سے وسیع نقصان کی خبر ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے وسیع رقبے پر پھیلی مختلف فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بڑے رقبے پر فصلیں تباہ ہونے سے سبزیاں اور پھل مہنگے ہونے کا خدشہ ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی نے بتایا کہ فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان تو پہنچا ہے لیکن پانی اترنے کے بعد اندازہ ہوگا کہ کتنا نقصان ہوا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں پانچ ستمبر تک بارشیں ہوں گی، بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال میں شدت کا امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے جموں کے علاقے اکھنور سے چھوڑا گیا دوسرا بڑا ریلا پاکستان کے دریائے چناب میں داخل ہو گیا ہے۔ دریائے چناب کا سیلابی ریلا ملتان ڈویژن کی حدود میں پہنچ گیا ہے، پانی کے بڑھتے ہوئے مسلسل بہاؤ کے باعث مزید درجنوں بستیاں زیر آب آگئی ہیں۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے ہندوستان کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا ہیڈ خانکی کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ سیلاب کے پیش نظر متعدد دیہات خالی کرا لیے گئے۔