Dec ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • امداد کے بدلے پاکستان کوئی جنگ نہیں لڑے گا، عمران خان

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امداد کے بدلے کوئی جنگ نہیں لڑیں گے تاہم امن کے لئے جو کردار ادا کر سکتے ہیں کرتے رہیں گے۔

لاہور میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان وزیراعظم نے کہا کہ ان کے ملک نے دوسروں کی جنگ کی بنا پر بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

سعودی عرب اور یو اے ای سے ملنے والی امداد کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امداد پر کوئی شرط عائد نہیں، امداد کے بدلے ہم کوئی جنگ نہیں لڑیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور وہ امن کے لیے جو کردار ادا کرسکتا ہے ادا کرتا رہے گا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی جہاں بھی ضرورت پڑے گی وہ ثالثی کا کردار اداکرے گا مگر وہ اب کسی اور کی جنگ نہیں لڑے گا۔