پاکستان میں حکومت پر حزب اختلاف کی تنقید
پاکستان کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کا وقار داؤ پر لگا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان دنیا بھر میں جا کر ہمارے ملک کو کرپٹ ثابت کر رہے ہیں اور ان کی حکومت، ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کے اقتدار کے آگے کوئی آواز نہ اٹھا سکے۔
پیپلز پارٹی کے چیرمین، بلاول بھٹو زرداری نے بھی عمران خان کی حکومت پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کام نہیں کر رہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب، حکومت کے دباؤ میں کام کر رہا ہے اور سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پوری اپوزیشن، حکومت کی پالیس کا مقابلہ کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کوئی گرینڈ الائنس کی طرف نہیں جا رہا ہے بلکہ ایشوز کی سیاست کی جا رہی ہے۔