قیدیوں کی رہائی کے لئے پاکستان کی سعودی عرب سے بات چیت
سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کے رشتہ داروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کے لئے سعودی عرب سے گفتگو کرے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پارذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی اولین ترجیح ہے قطر اور سعودی عرب سے قیدیوں کی واپسی پر بات چیت جاری ہے۔
ذوالفقار بخاری سے بیرون ممالک میں قید پاکستانیوں کے اہل خانہ نے ملاقات کی اور اپنے عزیزوں کی رہائی کے لیے حکومت سے کوششوں کا مطالبہ کیا۔ جواب میں معاون خصوصی نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے موثر کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔
ذوالفقار بخاری نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کا معاملہ دفتر خارجہ کے ساتھ مل کر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بیرون ممالک قید پاکستانیوں کو چھڑانا اولین ترجیح ہے، معمولی جرائم میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کئی سو پاکستانی قیدی ہیں جن کے رشتہ داروں نے بارہا سعودی مخالف احتجاجی مظاہرہ کر کے قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔