Apr ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • افغانستان کے بارے مین اپنے بیان پر عمران خان کا ردعمل

پاکستان کے وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں عبوری حکومت کی تشکیل کے بارے میں ان کا بیان صرف ایک برادرانہ مشورہ رہا ہے۔

شفقنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے افغانستان کی سرحدوں سے ملے پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں ایک بیان میں کہا کہ افغانستان میں عبوری حکومت کی تشکیل کے بارے میں ان کا بیان دونوں ملکوں کے درمیان ایک برادرانہ مشورے کی مانند رہا ہے اور اسے مداخلت سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہئے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب افغانستان کے امور میں امریکہ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد اسلام آباد کے دورے پر ہیں۔
عمران خان نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی اور چیف ایگزکٹیو عبداللہ عبداللہ افغانستان میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ اور اس ملک میں عبوری حکومت کا قیام، امن کی راہ میں جاری تعطل ختم کر سکتا ہے۔
اس بیان کے بعد افغانستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو اپنے ملک کے داخلی امور میں کھلی مداخلت اور افغانستان کے قومی اقتدار اعلی کی بے احترامی قرار دیا تھا۔