May ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • ملک میں صدارتی نظام نہیں آرہا، عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملک میں صدارتی نظام سے متعلق خبروں کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے۔

جمعے کے روز پاکستانی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں نظام کی تبدیلی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت صدارتی نظام کے بارے میں نہیں سوچ رہی۔
انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخابات کا شوشہ ملک میں بے چینی پھیلانے کے لیے چھوڑا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں نے کابنیہ میں غیر منتخب افراد کو شامل کیا ہے تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ملک میں صدارتی نظام لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ ماہر ترین افراد سے کام لینا چاہتے ہیں چاہے وہ پارلیمنٹ کے رکن ہوں یا نہ ہوں۔
حال ہی میں بعض پاکستانی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹوں میں بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خاں پارلیمنٹ کے اختیارات محدود کر کے صدر کا انتخاب براہ راست عوام کے سپرد کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان کے آئین کے تحت ملک کے صدر اور وزیراعظم کو ارکان پارلیمنٹ منتخب کرتے ہیں۔