پاکستان: شریف فیملی کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی انکوائری
پاکستان میں شریف فیملی کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی انکوائری حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق شہباز شریف خاندان کے خلاف تحریری بیان جمع کرانے والوں میں بینکنگ ماہرین، ایف بی آر اور شریف گروپ آف انڈسٹریز کے ملازمین شامل ہیں-
خبروں میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف، حمزہ شریف اور سلمان شہباز سمیت فیملی کے دیگر افراد کے خلاف انکوائری حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہے اور نیب نے پچاس سے زائد افراد کے تحریری بیانات قلمبند کئے ہیں-
دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور شہبازشریف کے بیٹے حمزہ شہباز شریف نے چیئرمین نیب کے احتساب کا مطالبہ کر دیا- انہوں نے اپنے خلاف نیب کے الزامات کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ نیب ثبوت لائے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا-
حمزہ شہباز نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے بلّی تھیلے سے باہر نکال دی ہے - انہوں نے نیب پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب، شریف خاندان کے بغض و حسد میں جل رہا ہے۔