قطر کے امیر کا دورہ پاکستان مکمل
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی پاکستان کا اپنا دو روزہ دورہ مکمل کرکے واپس دوحہ روانہ ہوگئے ہیں۔
پاکستان میں اپنے قیام کے دوران قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کی توسیع پر زور دیا ہے۔ قطر کے امیر اور پاکستان کے وزیراعظم کے مابین ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے معاملات اور اہم علاقائی اور عالمی مسائل سمیت سیکورٹی تعاون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے موضوعات پر بات چیت کی گئی۔ امیر قطرکے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان متعدد شعبوں منجملہ تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمتی یاد داشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور قطر نے منی لانڈرنگ اور خفیہ معلومات کے تبادلے سے متعلق بھی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔ قطر کے امیر اس سے پہلے دو ہزار پندرہ میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔