پاکستان میں قومی سلامتی کی کمیٹی کا اجلاس
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے ہندوستان کےزیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ اس اجلاس میں،ہندوستاں کے آئین کی ، کشمیر سے متعلق دفعہ تین سو ستر منسوخ ہونے اور ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہاہے ۔ اجلاس میں اعلی سیول اور فوجی حکام شرکت کریں گے ۔ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر سے متعلق نئی دہلی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اتوار کو بھی پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا تھا جس میں سول اور فوجی حکام نے شرکت کی تھی ۔پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی صوتحال پر نظر رکھنے کے لئے سات رکنی کمیٹی پہلے ہی بنا چکے ہیں ۔