مریم نواز کو جمعے کو احتساب عدالت میں پیش کیاجائے گا
Aug ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۹:۰۲ Asia/Tehran
لاہور میں نیب نے چودھری شوگر ملز کیس کی تحقیقات میں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو گرفتار کرلیا ہے۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کو چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیب کے حکم پر ڈاکٹر کی ٹیم ان کا طبی معائنہ کرے گی جبکہ انہیں جمعے کو ریمانڈ کے لئے احتساب عدالت میں پیش کیاجائے گا۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں اپنے والد نوازشریف سے ملاقات کے بعد لوٹ رہی تھیں۔ مریم نواز کو جمعرات کو نیب کے سامنے پیش ہونا تھا مگر وہ پیش نہ ہوئیں جس کے بعد نیب نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا۔ مریم نواز کو جس وقت گرفتار کیا گیا اس وقت بڑی تعداد میں لیگی کارکن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جن میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔ مریم نواز کی گرفتاری کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ اجلاس سے واک آؤٹ کرنے والوں میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شامل تھے۔