پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت منظور
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی چودھری شوگر ملز کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی ہے
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی ضمانت طبی بنیادوں پر منظور کی ہے ۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی چودھری شوگر ملز کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی حراست سے طبی بنیادوں پر رہائی کے لیے دائر درخواست پر طویل سماعت کے بعد مختصر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس کیس میں ایک کروڑ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کروائیں۔اگرچہ درخواست کے منظور ہونے کے بعد نواز شریف نیب کی حراست سے رہا ہوجائیں گے تاہم جیل سے ان کی اس وقت تک باضابطہ طور پر رہائی ممکن نہیں ہے جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ العزیزیہ کیس میں ان کی سزا معطل کرکے ان کی ضمانت منظور نہیں کرتی۔واضح رہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز میں نواز شریف کو سات سال قید کی سزا کا سامنا ہے ۔طبی بنیادوں پر اس سزا کی معطلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی ایک الگ درخواست زیر التوا ہے، جس پر وفاقی دارالحکومت میں پچیس اکتوبر کو سماعت ہوئی تھی اور عدالت نے کارروائی کو انتیس اکتوبر تک ملتوی کردیا تھا۔درایں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ہونے پر کہا ہے کہ یہ پوری قوم کے لیے خوشی کی ایک خبر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے عدالت عالیہ، وکلا، کارکنان اور قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔