نواز شریف صحت کے بارے میں ذیلی کمیٹی کا اجلاس
Nov ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے بارے میں منگل بارہ نومبر کو وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو علاج کے لئے ملک سے باہر بھیجنے کی غرض سے، ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے بارے میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برای احتساب شہزاد اکبر، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان شیخ، پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نیز داخلہ اور صحت کی وزارتوں کے سیکریٹریوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ایس آئی ایس ایم میں نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کو بھی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں طلب کیا گیا۔ پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ صحت کے سیکریٹری نے ذیلی کمیٹی میں جمع کرائی گئی اپنی تین رپورٹوں میں کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لئے ملک سے باہر بھیجنا چاہئے۔ دوسری جانب مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کی حالت ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑتی جارہی ہے۔