نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی منظوری
پاکستان کی وفاقی کابینہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی منظوری دے دی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کی وفاقی کابنیہ کا ہنگامی اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی گئی۔اجلاس میں نواز شریف کے علاج کے لیے ملک سے باہر جانے سے متعلق سیکورٹی بانڈز جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس سے پہلے پاکستانی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے میں کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا تھا۔بعض میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت سے متعلق فیصلہ صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا ہے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ علاج کے بعد نواز شریف کی وطن واپسی کی ٹھوس ضمانت حاصل کی جائے۔قابل ذکر ہے کہ کرپشن کے الزام میں سزا کاٹنے والے پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو خرابی صحت کے باعث گزشتہ ماہ جیل سے اسپتال اور پھر ان کے گھر جاتی امرا منتقل کیا گیا تھا۔ان کے بھائی اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے حکومت سے میاں نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔