Nov ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • لاھور ہائی کورٹ نے نوازشریف کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی

لاہور ہائی کورٹ نے حکومت پاکستان کا یہ موقف مسترد کردیا ہے کہ عدالت کو اس اپیل کی سماعت کا اختیار نہیں ہے جو نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے لئے حکومت کی شرط کے خلاف دائر کی گئی ہے۔

جمعے کو لاہور ہائی کورٹ میں، نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے لئے حکومت کی شرائط کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ یہ اپیل پاکستان مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے دائر کی ہے۔رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے موقف اختیار کیا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے پاس اس اپیل کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔ وفاقی حکومت نے عدالت میں اپنے تحریری بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کے خلاف مختلف عدالتوں میں مقدمات زیر سماعت ہیں اور ان کا نام نیب کے کہنے پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے بنابریں لاہور ہائی کورٹ اس اپیل کی سماعت کی مجاز نہیں ہے۔ نیب نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ سزا یافتہ شخص کو ہر سماعت پر عدالت میں پیش کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔اس کے علاوہ ای سی ایل سے نام نکالنا وفاقی حکومت کا کام ہے اس لئے لاہور ہائی کورٹ اس اپیل کی سماعت نہیں کرسکتا۔ لیکن لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت اور نیب کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے اپیل کو سماعت کے لئے منظور کرلیا ہے۔ عدالت نے اس اپیل کی سماعت کے لئے سنیچر سولہ دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔