نواز شریف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نامہ جاری
Nov ۱۸, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
پاکستان کی وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لئے ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی وفاقی وزارت داخلہ نے یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی کاپی ملنے کے بعد کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ نواز شریف ملک کے کسی بھی ایئر پورٹ پر عدالتی فیصلے کی کاپی دکھاکے بیرون ملک جاسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں، سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کی غرض سے چار ہفتے کے لئے غیر مشروط طور پر بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے ۔
دوسری طرف پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ریلیف دینے اور سابق صدر آصف زرداری کو ریلیف نہ دیئے جانے سے صوبائی تعصب کا تاثر ملے گا۔
انھوں نے کہا کہ ان کے پاس سندھ سے فون آرہے ہیں کہ نواز چونکہ پنجابی ہیں اس لئے انہیں بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے، اگر سندھی ہوتے تو نہ بھیجے جاتے۔ انھوں نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بارے میں کہا کہ ان کی نظر میں یہ فیصلہ درست ہے۔
چودھری اعتزاز احسن نے اسی کے ساتھ سابق صدر آصف زردای کا کیس فی الفور اسلام آباد سے کراچی منتقل کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا ۔
پیپلزپارٹی کی ایک سینیٹر شیری رحمان نے بھی کہا ہے کہ حکومت سابق صدر آصف زرداری کے خلاف انتقامی کارروائی کر رہی ہے۔