نواز شریف کی ایئر ایمبولنس کے ذریعے لندن کی جانب پرواز
Nov ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۶:۵۳ Asia/Tehran
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کے لئے لندن روانہ ہوگئے۔
پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف علاج کے لیے بیرونِ ملک روانہ ہوگئے۔ وہ قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہوئے۔ ان کے ہمراہ ان کے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور معالج ڈاکٹر عدنان سمیت سات افراد روانہ ہوئے ہیں۔ اس سے قبل نواز شریف جاتی امراء سے ایئر پورٹ پہنچے۔ سابق وزیرِ اعظم کا ایئر پورٹ پر بھی میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔ میاں شہباز شریف بھی لندن روانگی کے لیے ماڈل ٹاؤن لاہور سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے جہاں انہوں نے میاں نواز شریف کو ریسیو کیا۔ ایئر پورٹ پر موجود سیکڑوں نون لیگی کارکنوں نے اپنے رہنما کی گاڑی پر گل پاشی کی اور ان کے حق میں نعرے بلند کیے۔ دوسری جانب پاکستان کے قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ایک تقریب سے خطاب میں طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ کچھ لوگ نزلے زکام کا علاج کرانے کے لئے بھی لندن جاتے ہیں۔