عمران خان اور جنرل باجوا کی ملاقات
پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف سے ملاقات میں ملک کے حالات پر تبادلہ خیال کیا
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان یہ ملاقات ایوان صدر میں ہوئی ۔ یہ ملاقات سپریم کورٹ آف پاکستان کے نئے چیف جسٹس ، گلزار احمد کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ہوئی ہے ۔ اس تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئر مین سینیٹ، ، اسپیکر قومی اسمبلی ، صوبائی گورنر صاحبان، ججوں ، معروف وکلا اور وفاقی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی ۔
گزشتہ دنوں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سزائے موت کے متنازعہ فیصلے کے تناظر میں ، سنیچر کو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات کو کافی اہمیت دی جارہی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت کا وہ مختصر فیصلہ آنے کے بعد ہی پاکستان کی مسلح افواج نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا تھا جس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم دیا گیا تھا ۔ تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد افواج پاکستان میں بے چینی بڑھ گئی تھی اور وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں ایک خصوصی میٹنگ میں فیصلہ سنانے والے جج، جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف سپریم جوڈیشیل کونسل میں ریفرینس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جنہوں نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ اگر پرویز مشرف بیرون ملک فوت ہوجائیں تو ان کی لاش اسلام آباد کے ڈی چوک پر تین دن تک لٹکائی جائے ۔