نیب ترمیمی آرڈیننس پر حزب اختلاف کا اعتراض مسترد
پاکستان کے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے نیب ترمیمی آرڈینینس پر حزب اختلاف کے اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ایک خطاب کے دوران پاکستان کے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے اعتراضات سے پتہ چلتا ہے کہ انھوں نے نیب ترمیمی آرڈینینس پڑھا ہی نہیں ہے ۔انھوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ہر شعبے میں فرسودہ نظام کے خاتمے کے لئے اصلاحات کے ایجنڈے پرکام کررہی ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اداروں کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں ۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اس ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنارہی ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے نیب ترمیمی آرڈینینس کے بارے میں کہا کہ اس آرڈینینس میں بدعنوان عناصر کو ڈھیل نہیں دی گئی ہے بلکہ ایماندار لوگوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے ۔انھوں نے اپوزیشن رہنماؤں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پکڑے جانے والوں کے خلاف انتقامی کارروائی کا ڈھنڈورا پیٹنا اپنا وطیرہ بنالیا ہے۔