پاکستان اور ایران کا مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا اعلان
کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت چیف سیکریٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر اور ایرانی وفد کی سربراہی ڈپٹی گورنر سیستان بلوچستان محمد ہادی مرعشی نے کی۔
کوئٹہ میں ایران اور پاکستان کے جوائنٹ بارڈر کمیشن کے تئیسویں اجلاس میں دونوں ملکوں نے مشکلات میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
کوئٹہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق اجلاس کے اختتامی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور پاکستان دو بہترین ہمسایہ ممالک ہیں اور مشکلات میں ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔
اجلاس کے اختتامی بیان میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے کہ ایران اور پاکستان دونوں کو تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی ایک دوسرے کی ضرورت ہے ۔
یاد رہے کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ سرحدی کمیشن کا تیئسوان اجلاس جمعے کی شام اپنے اختتام کو پہنچا ۔ اجلاس کے آخر میں چیف سیکریٹری بلوچستان پاکستان اور ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی گورٹر نے مشترکہ اعلامیئے پر دستخط کئے ۔