Jan ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۷ Asia/Tehran
  • فارن فنڈنگ کیس ، عمران خان نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کردیا

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو یکسر نظر انداز کیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ حنیف عباسی بنام عمران خان کیس میں سپریم کورٹ نے قوائد طے کر دیئے تھے کہ قانون کی نظر میں الیکشن کمیشن کوئی عدالت یا ٹریبونل نہیں ہے لہذا الیکشن کمیشن کو کیس سننے کا اختیار نہیں جبکہ ہائی کورٹ آرٹیکل ایک سو ننانوے کا اختیار استعمال کرتے ہوئے متنازع حقائق پر فیصلہ نہیں دے سکتی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اکبر ایس بابر کو پی ٹی آئی کا رکن قرار دیا ہے جبکہ اکبر ایس بابر کا سن دوہزار گیارہ سے تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق نائب صدر اکبر ایس بابر نے سیاسی فنڈنگ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف دوہزار چودہ سے درخواست دائر کر رکھی ہے۔