Jan ۲۷, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران و پاکستان کی باہمی تعاون کے فروغ پر تاکید

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور پاکستانی سینیٹ کے چیرمین نے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون کے فروغ پر تاکید کی ہے۔

پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے پیر کو اسلام آباد میں اس ملک کی سینیٹ کے چیرمین صادق سنجرانی سے ملاقات میں علاقے کے حالات کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیوں کی وضاحت کرتے ہوئے علاقے میں امن و ثبات کے فروغ میں مدد کے لئے تہران اسلام آباد کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ صادق سنجرانی نے اس ملاقات میں ایران کی جانب سے فلسطین سمیت تمام مظلوم قوموں کی حمایت اور کشمیری مسلمانوں کے سلسلے میں تہران کے تعمیری موقف کو سراہا۔ ایران کے سفیر اور پاکستانی سینیٹ کے چیرمین نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی اور پارلیمانی تعلقات کو مضبوط بنانے نیز علاقائی اور عالمی اداروں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا۔ اس ملاقات میں فریقین نے مختلف میدانوں میں ایران و پاکستان کے درمیان تعاون کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے قانون سازی کے میدان میں باہمی تجربات سے استفادے پر آمادگی ظاہر کی۔