کراچی میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ختم کرنے کا حکم صادر: سپریم کورٹ آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات ختم کرنے کا حکم صادر کردیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کی کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے غیر قانونی تعمیرات گرانے سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔عدالت نےگزری روڈ، پی این ٹی کالونی، پنجاب کالونی اور دہلی کالونی سے غیر قانونی تعمیرات گرانے کا حکم صادر کیا ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ نو نو منزلہ غیر قانونی عمارتیں بن رہی ہیں، ان سب کو گرایا جائے اور وفاقی حکومت کی زمین سے غیر قانونی تجاوزات ختم کرائے جائیں۔عدالت نےاسی کے ساتھ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ جس طرح چاہے عمارتوں کی تعمیر کی اجازت نہیں دے سکتا۔چیف جسٹس گلزار احمد نے اسی کے ساتھ ریمارکس دیئے ہیں کہ کراچی میں مسائل بہت سنگین ہوگئے ہیں ، کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو کثیر منزلہ عمارتیں بنوا کے وہاں منتقل کیا جائے۔