Feb ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی برادری سے مہاجرین کی میزبانی کرنے والے ملکوں کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے ۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتوار کو پاکستان میں افغان پناہ گزینوں سے ملاقات کی ۔ انھوں نے اس ملاقات کے بعد بتایا کہ افغان مہاجرین نے ان کے ساتھ اثر انگیز واقعات اور امیدیں شیئر کیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان چالیس برس سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ دنیا والوں  کو چاہئے کہ وہ افغان مہاجرین کی مدد میں اسی جذبے کا مظاہرہ کریں جس جذبے کے ساتھ میزبان ممالک افغان مہاجرین کی مدد کررہے ہیں ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اتوار کو پاکستان کے دفتر خارجہ کا دورہ بھی کیا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے دفتر خارجہ کے لان میں ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔اس سے پہلے انھوں نے اسلام آباد میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ایک نشست سے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا  ایک بڑا ملک ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پوری دنیا کے لئے سنگین خطرہ ہے۔