Mar ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  • نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے برطانیہ کو خط لکھنے کا فیصلہ

حکومت پاکستان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو واپس لانے کے لیے حکومت برطانیہ سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بات وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انکا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آئندہ ہفتے نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے حکومت برطانیہ کو خط لکھے گی جس میں نواز شریف کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو تمام قانونی تقاضے پورے کرکے نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کے لیے تجویز موصول ہوئی ہے۔
انہوں نے بعض میڈیا ہاوسز پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مسلم لیگ نون کی ایما پر ملک میں یہ تاثر پیدا کیا کہ اگر حکومت نے نواز شریف کو اجازت نہ دی تو ان کی جان جاسکتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی ایک عدالت نے انتیس اکتوبر کو ملک کے سابق وزیراعظم، میاں نواز شریف کی سزا آٹھ ہفتے کے لیے معطل کرکے انہیں علاج کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی۔ جس کے بعد نواز شریف خصوصی ایئر ایمبولینس کے ذریعے انیس نومبر کو لندن روانہ ہوئے تھے تاہم گزشتہ دنوں لندن کے ایک کیفے میں ان کی تصویر شائع ہونے کے بعد ان کی خرابی صحت کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔