نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور یوسف رضاگیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کردیا
پاکستان کے قومی احتساب بیور نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزرائے اعظم نوازشریف اور یوسف رضاگیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کردیا ہے
پاکستانی میڈیا کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کے دستخط کے بعد پاکستان کے تینوں سابق اعلی عہدیداروں کے خلاف مذکورہ ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیاگیا - خبروں کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس کادائرہ وسیع کرتے ہوئے نیب کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس دائر کیا گیا جس میں سابق صدر آصف علی زرداری ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت پانچ افراد کو ملزم نامزد کیا گیا ہے مذکورہ ریفرنس میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری ، نوازشریف اور یوسف رضاگیلانی نے غیر قانونی طریقے سےگاڑیاں حاصل کیں۔ ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یوسف رضاگیلانی نے آصف زرداری اور نوازشریف کو غیرقانونی فائدہ پہنچایا اور توشہ خانہ میں تحائف جمع کرانے کے طریقہ کار میں نرمی کے ذریعے بیرون ملک سے اور معززین سے تحفے میں ملنے والی گاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت دی - نیب کے اس اقدام پر بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ نیب سیاسی انتقام کا کام کررہا ہے اس کو بند کردیا جانا چاہئے ۔