Apr ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • پاکستان و ہندوستان میں بڑھ رہا ہے کورونا وائرس

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ہندوستان و پاکستان میں بھی کورونا وائرس میں مبتلا اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 7 ہزار 993 ہو گئی جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 8 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں اس وباء سے اموات کی مجموعی تعداد 159 ہو گئی۔

پاکستان میں 5 ہزار 920 کورونا کے مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 46 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 1 ہزار 856 مریض سے اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ حکومت نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی۔

دوسری طرف اسلام آباد انتظامیہ نے لاک ڈاؤن پالیسی میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص دکانیں رات آٹھ بجے تک کھلی رہیں گی تاہم ہوٹل اور ریسٹورنٹس چوبیس گھنٹے پارسل کھانا فروخت کر سکیں گے۔

اُدھر ہندوستان میں تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 16365 ہو گئی ہے اور اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 521 تک پہنچ گئی ہے ۔

اب تک 2231 افراد کو صحتیاب ہونے کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ تاہم ہندوستان کی تین ریاستوں مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش اور گجرات میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ان تین ریاستوں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 334 ہو گئی ہے جو ملک میں کورونا وائرس سے ہوئی ہلاکتوں کا تقریبا 66 فیصد ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں کورونا کی روک تھام کے پیش نظر ملک گیر لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ جاری ہے جو آئندہ چار مئی تک جاری رہے گا۔

 

ٹیگس