پاک و ہند میں کورونا نے پنجے گاڑ دیئے
دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج بروزجمعہ جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 56342 ہو گئی ہے ۔ مرکزی وزارتِ برائے صحت کے مطابق ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 16540 افراد اس بیماری سے شفایاب بھی ہو چکے ہیں ۔
کورونا سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر ہوا ہے جہاں 694 افراد کورونا سے زندگی کی جنگ ہار گئے جبکہ گجرات دوسرے مقام پر ہے جہاں ہلاک شدگان کی تعداد 425 تک پہنچ گئی ہے ۔
دوسری جانب پاکستانی میڈیا کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ مزید 1 ہزار 764 کورونا کیسز سامنے آگئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 25 ہزار 837 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 603 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے پاکستان میں 17 ہزار 704 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں، جبکہ 7 ہزار 530 افراد مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 209 ہلاکتیں ہوئیں۔ جس کے بعد پنجاب میں کورونا سے 194 افراد، سندھ میں کورونا وائرس سے171 افراد، بلوچستان میں 22 افراد اور گلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 393 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 4 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
در ایں اثناء گورنر سندھ عمران اسماعیل کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے، انہوں نے کورونا کے خلاف جنگ جاری رکھنے کےعزم کا اظہارکرتے ہوئے عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ۔