Jun ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا سے متعلق چونکا دینے والی رپورٹ

پاکستان میں ان دنوں کورونا کے حوالے سے چونکا دینے والی کچھ خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم حکومت نے ان خبروں کی تائید نہیں کی ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں کورونا کے 6 لاکھ سے زیادہ ممکنہ متاثرین کی موجودگی کے خدشات کے بارے میں حکومتی سمری منظر عام پر آئی ہے جس پر صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ یہ محض اندازے اور تخمینے ہیں اور یہ کہنا صحیح نہیں کہ لاہور میں کورونا کے چھ لاکھ سے زائد مریض موجود ہیں۔

یاد رہے کہ پیر کو پاکستانی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی سمری کے مطابق لاہور کا کوئی بھی علاقہ کورونا سے محفوظ نہیں اور شہر کی آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ چھے لاکھ ستر ہزار سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ یہ سمری پندرہ مئی کو پنجاب کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے صوبے کے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار کو ارسال کی گئی تھی۔اس سمری میں پنجاب حکومت سے اپیل کی گئی ہے کہ ٹیکنیکل گروپ کی فراہم کردہ اطلاعات کی روشنی میں وہ لاک ڈاؤن اور شٹ ڈاؤن جیسے فیصلے کرے۔

پنجاب کی وزیرِ صحت یاسمین راشد نے پاکستان کے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمری میں جو اعداد و شمار ہیں وہ موجودہ شرح کی بنا پر اندازہ لگایا گیا ہے کہ آئندہ کیا شرح ہو سکتی ہے۔

قابل ذکر ہے پاکستان کے مختلف علاقوں میں کورونا میں مبتلا افراد کی مصدقہ تعداد چھیہتر ہزار تین سو اٹھانوے اور اس موذی وبا سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار چھے سو اکیس ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ستائیس ہزار ایک سو دس افراد کورونا سے مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں لیکن اب بھی سینتالیس ہزار چھے سو سڑسٹھ افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں ریکارڈ کی گئی ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق سندھ میں کورونا سے متاثرین کی تعداد انتس ہزار چھے سو سینتالیس اور مرنے والوں کی تعداد پانچ سو تین ہو چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر صوبہ پنجاب ہے جہاں متاثرین کی تعداد ستائیس ہزار آٹھ سو پچاس اور مرنے والوں کی تعداد پانچ سو چالیس بتائی گئی ہے۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں متاثرین کی تعداد دس ہزار چار سو پچاسی اور مرنے والوں کی تعداد چار سو بیاسی بتائی گئی ہے۔ صوبہ بلوچستان میں متاثرین چار ہزار پانچ سو چودہ اوراموات انچاس ہو گئی ہیں۔ گلگت بلتستان میں متاثرین سات سو اڑتیس جبکہ اموات گیارہ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متاثرین دو ہزار آٹھ سو ترانوے اور اموات تیس بتائی گئی ہیں۔

ٹیگس