صیہونیوں کی جانب سے مسجد الاقصی کی بےحرمتی؛ ایرانی وزارت خارجہ کی شدید مذمت
وزارت خارجہ کے ترجمان نے مسجد الاقصی کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے، عالمی برادری مداخلت کرے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صہیونی وزیر کی قیادت میں مسجد الاقصی کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ترجمان نے اس اقدام کو نہ صرف مسجد الاقصی کی حرمت اور اس کے مقدس اسلامی مقام کی صریح توہین قرار دیا بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ صہیونی حکومت کے ناپاک عزائم کا عکاس ہے، جس کے تحت وہ مقبوضہ فلسطین اور پورے خطے میں مستقل کشیدگی اور بحران کو ہوا دینا چاہتی ہے۔ بقائی نے مزید کہا کہ مسجد الاقصی مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے اور تمام مسلمانوں اور فلسطینی عوام کے نزدیک بے حد قابل احترام ہے۔ قابض صہیونی حکومت ایسی جارحانہ کارروائیوں کے ذریعے نہ صرف القدس کی اسلامی و تاریخی شناخت کو مسخ کرنا چاہتی ہے، بلکہ تمام عالم اسلام کے جذبات کو مجروح کر کے مقبوضہ فلسطین میں صورت حال کو مزید خراب کرنا چاہتی ہے۔