Aug ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران کی مسلح افواج ملکی دفاع کےلئے پوری طرح تیار ہیں؛ جنرل حاتمی

ایرانی آرمی چیف جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کی سازشیں ایرانی قوم کی استقامت کے سامنے ناکام ہوئیں، ایران کی دفاعی طاقت بدستور قائم اور فعال ہے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوری ایران کی آرمی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ ایران کو درپیش دشمن کے خطرات ختم نہیں ہوئے۔ مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ فوج کے زمینی دستوں کے اعلی کمانڈروں اور حکام سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حاتمی نے کہا کہ صہیونی حکومت نے ایران کے خلاف ایک اسٹریٹجک غلطی کی، جو ایرانی عوام کی استقامت کے باعث ناکامی سے دوچار ہوئی۔ صہیونی حکومت کے جرائم 12 روزہ جنگ سمیت متعدد مواقع پر نمایاں طور پر سامنے آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ دو برسوں اور صہیونی حکومت کی 80 سال سے کم مدت میں مختلف ممالک کے خلاف کی گئی جارحیتیں اس کی دشمنی کی واضح مثالیں ہیں۔ ایرانی آرمی چیف نے کہا کہ اگرچہ ایران کو اپنے بعض ممتاز کمانڈروں، سائنس دانوں اور معزز شہریوں کی شہادت کی صورت میں نقصان برداشت کرنا پڑا، تاہم ایران اس غیر منصفانہ جنگ میں سرخرو ہوا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران کے میزائل اور ڈرون سسٹمز بدستور فعال اور موثر ہیں اور جوابی حملے جنگ بندی کے آخری لمحے تک جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران دفاعی صنعت، سائنسی ترقی اور ٹیکنالوجی میں اپنے سفر کو پہلے سے زیادہ قوت اور ارادے کے ساتھ جاری رکھے گا۔ میجر جنرل حاتمی نے عالمی استکبار کی دشمنی کا سبب اسلامی جمہوری ایران کی دینی شناخت، حب الوطنی اور سائنسی ترقی کو قرار دیا۔ ایرانی فوج کے تمام شعبے سائنسی اور تکنیکی میدان میں تیز رفتاری سے ترقی کررہے ہیں اور ہر وقت ہمہ جہت دفاع کے لیے مزید مؤثر تیاری کررہے ہیں۔

ٹیگس