Aug ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • پاکستان، محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین کا شاندار مظاہرہ

پاکستان کے شیعہ اور سنی مسلمانوں نے اسلام اور مسلمین کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کا تھیہ کر لیا ہے۔

پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نمودار ہوتے ہی مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اس بار ان مجالس میں شیعہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ سنی مسلمانوں اور اہلسنت علماء اور سیاسی شخصیات بھی شرکت کر کے اتحاد بین المسلمین کا عملی نمونہ پیش کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ماڈل ٹاؤن لیاقت آباد لاہور میں کُل مسالک علماء بورڈ کے وفد نے جذبہ خیر سگالی کے تحت امام بارگاہ قصرِ حسینؑ نجف بازار لیاقت آباد کا میں مجلسن عزا میں شرکت کی اور مولانا محمد عاصم مخدوم اور سید محمود غزنوی نے امن و اتحاد کی اہمیت پر خطاب بھی کیا۔

اس موقع پر مولانا عاصم مخدوم کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک کسی بھی قسم کی فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہو سکتا، تمام مکاتب کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اتحاد امت کے لئے نیک شگون ہے، ہم ملک کو ہر قسم کی فرقہ واریت سے پاک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وحدت کے فروغ اور رواداری کے قیام کے لئے مجالس عزا میں شرکت کر رہے ہیں جبکہ اہل تشیع بھائیوں کے لئے لنگر اور سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف مذہبی امور ونگ کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عارف چشتی کی زیرصدارت لاہور میں علمائے کرام اور پارٹی رہنماوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  جذبہ خیر سگالی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لئے امام بارگاہوں کے دورے کئے جائیں گے۔ علامہ اصغرعارف چشتی کا کہنا تھا کہ اہلسنت علمائے کرام مجالس عزاء میں شریک ہوں گے اور وحدت امت کا پیغام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، اور امن کے قیام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

علامہ اصغر عارف چشتی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں علمائے کی محنت سے امن قائم ہوا ہے، چند شرپسند تکفیری عناصر کو ملک کا امن داو پر نہیں لگانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق ملک کو امن، رواداری اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائیں گے، یہاں تمام مکاتب فکر کو ان کے عقیدے کے مطابق مذہبی آزادی میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کا عقیدہ چھیڑو نہیں، اپنا چھوڑو نہیں، ہی ہمارا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس عزاء میں شرکت کا فیصلہ بھی اسی وجہ سے کیا گیا ہے تاکہ عام عوام میں بھی وحدت کا پیغام جائے۔

در ایں اثناء مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے سندھ حکومت کی جانب سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی پر مجالس عزا سے خطاب پر لگائی جانے والی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ علامہ شہنشاہ نقوی نے ہمیشہ وحدت و اخوت اور اتحاد بین المسلمین کا درس دیاہے۔

ٹیگس