رسول اسلام کی شان اقدس میں اہانت کے خلاف مظاہرہ
پاکستان کے مسلمانوں نے رسول اسلام کی شان اقدس میں اہانت کے خلاف مظاہرہ کرکے اس اقدام کی مذمت کی۔
پاکستان کے مختلف شہروں من جملہ دارالحکومت اسلام آباد میں آج نماز جمعہ کے بعد پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں کی اپیل پر پاکستانی عوام نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور فرانس کے جریدے چارلی ہیبڈو کی جانب سے حضرت محمد مصطفی (ص) کی اہانت کئے جانے اور اسلاموفوبیا پر مغربی ممالک کی ڈرامائی خاموشی کی مذمت کی۔
مظاہرین نے جن کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے تھے اسلامی عقائد کے خلاف مغرب کی ہرزہ سرائی اور اسلامی مقدسات کی توہین کئے جانے کے خلاف مسلمانوں کے اتحاد و وحدت پر تاکید کی۔
رسول اسلام کی شان اقدس میں اہانت کے خلاف اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت دیگر ممالک میں مظاہروں اور مذمت کا سلسلہ جاری ہے ۔
یہ پہلا ایسا واقعہ نہیں کہ فرانس کی مذکورہ میگزین چارلی ہیبڈو نے اس قسم کا توہین آمیز اقدام کیا ہے، بلکہ اُس نے 2015ء میں سرکار رسالت مآب (ص) کے سلسلے میں گستاخانہ خاکے شایع کیے تھے جس کے خلاف پوری دنیا کے مسلمانوں ںے غم و غصے کا اظہار اور شدید احتجاج کیا تھا۔ ساتھ ہی دیگر مذاہب کے پیروکاروں نے بھی فرانسیسی میگزین کے اس فعل کی مذمت کی تھی۔