Apr ۲۵, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر، پنجاب میں شدت زیادہ

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور صوبہ پنجاب میں اس کی شدت زیادہ دکھائی دے رہی ہے۔

میڈیا رپورٹوں میں صوبائی محکمہ صحت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبے میں کورونا کے مثبت کیسوں کی شرح گیارہ فی صد سے تجاوز کرگئی ہے اور پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران تین ہزار چھپن افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا مثبت آنے کی شرح سترہ فی صد سے زیادہ ہے۔

صوبہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دولاکھ اٹھاسی ہزار چھے سو کے قریب ہے جو دوسرے صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

ادھر پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینیٹر کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں پانچ ہزار چھے سو سے زائد افراد کورونا میں مبتلا پائے گئے جبکہ ایک سو اٹھارہ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد آٹھ لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ فعال مریضوں کی تعداد اٹھاسی ہزار چھے سو سے زائد ہے اور ان میں سے چارہزار آٹھ سو کی حالت تشویشناک ہے۔

حکومت پاکستان نے کورونا ایس او پی پر سختی کے ساتھ عملدآمد کا حکم دیا ہے اور اس مقصد کے لیے فوج کو بھی سول انتظامیہ کی مدد کے لیے طلب کرلیا ہے۔

ٹیگس