Aug ۱۷, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • پاکستان میں جلوسوں اور مجلسوں کا سلسلہ عروج پر، سکیورٹی کے سخت انتظامات

محرم الحرام اور موسم عزا کے آٹھویں دن آج پاکستان بھر میں جلوسہائے عزا برآمد ہو رہے ہیں اور نواسۂ رسول کی مجالسِ عزا کا زور و شور سے اہتمام کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ سمیت پاکستان کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں عزاداری کا سلسلہ اپنے عروج پر ہے اور نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں لوگ خاص جوش و جذبے کے ساتھ شریک ہو رہے ہیں۔

مقامی انتظامیہ نے جلوسوں اور مجلسوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔

اطلاعات کے  مطابق جنوبی پنجاب کے اہم شہر ملتان اور سندھ کے شہر خیر پور میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کر دئے گئے ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز ملتان کے مطابق شہر میں آج 8 محرم الحرام کے روز 182 مجالس برپا جبکہ 88 جلوس برآمد ہوں گے جن میں 40 مجالس اور 15 جلوس سکیورٹی کے لحاظ سے انتہائی حساس ہیں۔

ایس ایس پی آپریشنز نے یہ بھی بتایا کہ ملتان میں مجموعی طور پر تمام جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد اہلکاروں اور رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

ادھر سندھ کے شہر خیر پور سے اطلاعات ہیں کہ 8 محرم الحرام برآمد ہونے والے جلوس کے موقع پر سکیورٹی کو یقینی بنائے رکھنے کے لئے موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خیر پور شہر میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں جسکے تحت پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔

ٹیگس