بلوچستان میں نو داعشی ہلاک
-
فائل فوٹو
پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے صوبہ بلوچستان میں نو داعشی عناصر کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق، دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے پینتالیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر مستونگ میں کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ اس سے پہلے بھی پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے اسی علاقے میں ایک کارروائی کے دوران گیارہ داعشی دہشت گردوں کو ہلاک اور صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا تھا۔
ایک سرکاری ریسرچ سینٹر کے مطابق پچھلے پانچ سال کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں داعش کے دہشت گردوں نے آٹھ بم دھماکے اور دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دی ہیں جن میں مجموعی طور پر پانچ سو پندرہ افراد جاں بحق اور آٹھ سو ترانوے دیگر زخمی ہوئے ہیں۔